نئی دہلی، 22/اپریل (یو این آئی) صدرجمعیۃعلماء ہند کے صدرو صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبندمولانا سیدارشدمدنی نے جمعیۃعلماء بہار کے ناظم اعلیٰ، مشہورسماجی کارکن اور جمعیۃعلماء ہند کی مجلس عاملہ کے قدیم ممبر الحاج حسن احمد قادری کے اچانک ارتحال رحلت پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے ان کی موت کو زبردست جماعتی وملی خسارہ قراردیا۔
آج یہاں جاری تعزیتی بیان میں مولانا مدنی نے کہاکہ قادری صاحب کے انتقال سے جو خلاپیداہوا ہے اس کا پرہونا مشکل ہے، دوردورتک اس کا کوئی بدل نظرنہیں آرہا ہے، قادری صاحب طویل مدت سے جمعیۃعلماء بہارکی نظامت علیا ء کے فرائض بحسن وخوبی انجام دیتے رہے، وہ غیرمنقسم بہارکے بھی
جمعیۃعلما کے جنرل سکریٹری تھے، انہوں نے فدائے ملت ؒ امیر الہند حضرت مولانا سیدا سعدمدنی رحمۃ اللہ علیہ کی ایماوہدایت پر پٹنہ ریلوے جنکشن کے متصل مدنی مسافرخانہ کی تعمیر کا بیڑااٹھایا اور فدائے ملت ؒ کی توجہ، مدداور کوشش سے انجام تک پہنچایا جس سے آج خلق خدا مستفیض ہورہی ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ قادری صاحب مرحوم کو حضرت فدائے ملت ؒ کے علاوہ مجاز شیخ الاسلام ؒ مولانا قاری فخرالدین ؒ گیاوی اور مولانا شاہ عون احمد صاحب ؒ قادری خانقاہ مجیبیہ وغیرہ کی سرپرستی حاصل رہی، ان بزرگوں نے قادری صاحب کی ہر موڑپر رہنمائی کی۔ قادری صاحب نے آخری عمرتک اپنے بزرگوں کے رہنمااصولوں پر چلنے کی پوری پوری کوشش کی،اوراپنے مشن میں کامیاب رہے۔